فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی ملاقات، عالمی صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اورعالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و استحکام اور پاکستان و سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اورسنگاپور کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعمیری تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اورمختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زوردیا۔
اس موقع پر سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے بھی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔
ملاقات میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن، استحکام اورسلامتی کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اورروابط کو مزید وسعت دینا اہمیت کا حامل ہے۔



