*سردیوں میں گیس کا بحران: 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا امکان*

پاکستان میں سردیوں کے دوران گیس کی قلت کے باعث گھریلو صارفین کو روزانہ 16 گھنٹے تک گیس لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وزارت پٹرولیم کی جانب سے تیار کردہ ونٹر گیس مینجمنٹ پلان کے تحت گھریلو صارفین کو 24 گھنٹوں میں سے صرف 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی، گیس کی فراہمی تین اوقات ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے ترجیحی بنیاد پر دی جائے گی جبکہ باقی اوقات میں سپلائی معطل رہے گی۔
وزارت پٹرولیم نے مجوزہ منصوبے کی تیاری مکمل کر لی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے، تاہم حکومت کی جانب سے تاحال حتمی منظوری یا اوقات کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
اس وقت ایس این جی پی ایل گھریلو صارفین کو روزانہ 487 ملین کیوبک فٹ اور ایس ایس جی سی 286 ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کر رہی ہے، شدید سردی میں طلب بڑھنے سے نظام پر مزید دباؤ آئے گا۔
حتمی منظوری کے بعد سوئی ناردرن اور سوئی سدرن اپنے علاقوں کے لیے الگ شیڈول کا اعلان کریں گی۔



