اسلام آباد: پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 26) 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔

حکومت پاکستان کے زیر اہتمام اور ایس آئی ایف سی کی سرپرستی میں ہونے والے اس فورم میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم مقررین میں شامل ہوں گے۔
فورم میں پالیسی سازوں، ملکی و بین الاقوامی کان کنی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور تکنیکی ماہرین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جہاں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔ او جی ڈی سی فورم کا بانی شراکت دار ہے۔
فورم کے اسٹریٹجک شراکت داروں میں پی پی ایل، ماری انرجیز، جی ایچ پی ایل، ریکوڈک مائننگ کمپنی، پاکستان منرلز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایف ڈبلیو او شامل ہیں۔
دو روزہ کانفرنس میں سرمایہ کاری کے لیے تیار کان کنی کے ماحول، اہم معدنیات، توانائی کی عالمی منتقلی میں پاکستان کے کردار، افرادی قوت کی ترقی اور جدید کان کنی کے منصوبوں جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
تکنیکی کانفرنس میں 50 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے جبکہ بین الاقوامی نمائش میں منصوبوں کے ڈویلپرز، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ایم آئی ایف کے 2025 کے ایڈیشن میں 50 سے زائد ممالک کے 5 ہزار مندوبین نے شرکت کی تھی اور 16 مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت ہوئی تھی۔



