*پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی اشتعال انگیزی، ایک شہری شہید، 5 زخمی*

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی اشتعال انگیزی میں ایک شہری شہید جبکہ ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے جس پر پاک فوج نے منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو خاموش کروا دیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان رجیم نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے حملے میں شہری آبادی میں ایک گھر پر گولا گرنے سے ایک شہری شہید جبکہ ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ سول آبادی کو نشانہ بنانے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پاک فوج نے افغان جارحیت کا فوری اور شدید جواب دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج کی زبردست جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوان دشمن کی کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے مکمل فعال ہیں۔



