جی میل میں ایک کارآمد فیچر کا اضافہ
جی میل میں کافی عرصے سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچر ’ہیلپ می رائٹ‘ دستیاب ہے، جو صارفین کو ای میلز لکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اب گوگل کی جانب سے اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق، گوگل فیچر کے انٹرفیس کو نئے سرے سے ڈیزائن کر رہا ہے تاکہ جیمنائی کی مدد سے ای میلز کا ڈرافٹ تیار کرنا مزید آسان ہو جائے اور صارفین کو ای میلز تیار کرنے اور ایڈٹ کرنے کے لیے الگ مراحل سے نہ گزرنا پڑے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کے نئے ڈیزائن کے آثار جی میل کی ایک حالیہ اپ ڈیٹ کے کوڈ میں سامنے آئے ہیں۔
اگر آپ ’ہیلپ می رائٹ‘ استعمال کرتے ہیں تو آپ نے محسوس کیا ہوگا کہ فی الحال یہ فیچر مرکزی ای میل کمپوزر سے کسی حد تک الگ نظر آتا ہے۔ صارف پہلے ایک ڈرافٹ تیار کرتا ہے، پھر اس پر نظرثانی کرتے ہوئے تبدیلیاں کرتا ہے اور اس کے بعد اسے ای میل کمپوزر کا حصہ بناتا ہے۔
تاہم، نئے ڈیزائن کردہ انٹرفیس میں صارفین کو صرف اس ای میل کی مختصر وضاحت فراہم کرنا ہوگی جسے وہ کمپوزر میں لکھنا چاہتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے جی میل کے کمپوزر کے نیچے ’ڈسکرائب یور میسج‘ کے نام سے ایک پرامپٹ باکس شامل کیا جا رہا ہے، جہاں صارفین اپنی ہدایات درج کرکے براہِ راست کمپوزر کے اندر ای میل کا ڈرافٹ تیار کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل سے گزر رہا ہے اور فی الحال صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔



