Gas Leakage Web ad 1

بیشتر افراد کی پسندیدہ وہ غذا جو گردوں کے تکلیف دہ امراض کا شکار بنا دیتی ہے

0

گردے ہمارے جسم میں کسی واٹر فلٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔ واٹر فلٹر پانی سے ان چیزوں کو خارج کرتا ہے جو جسم کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں، اسی طرح گردے بھی خون کو صاف کرنے کا کام کرتے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

گردے خون کو فلٹر کرتے ہیں، جس کے دوران زہریلے مواد اور اضافی سیال کو جسم سے خارج کیا جاتا ہے، جبکہ پوٹاشیم، سوڈیم اور دیگر اجزا کی سطح کو متوازن رکھا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ گردے ایسے ہارمونز بھی بناتے ہیں جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے اور ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آسان الفاظ میں گردے جسم کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد گردوں کے دائمی امراض کا سامنا کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں سیال اور دیگر مواد جسم میں جمع ہونے لگتے ہیں۔

اب ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ موجودہ دور میں زیادہ استعمال ہونے والی بعض پسندیدہ غذائیں گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھا سکتی ہیں۔

کلینیکل جرنل آف امریکن سوسائٹی آف نیفرولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال گردوں کے دائمی امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔

الٹرا پراسیس غذائیں وہ ہوتی ہیں جنہیں تیار کرنے کے دوران کئی مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار زیادہ جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا، جیسے فائبر، کی مقدار کم ہوتی ہے۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈ، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، ناشتے کے سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

ان غذاؤں کو امراض قلب، کینسر اور دیگر کئی دائمی بیماریوں کے ساتھ بھی منسلک کیا جاتا ہے۔

نئی تحقیق میں 2661 معمر افراد کو شامل کیا گیا اور یہ جائزہ لیا گیا کہ ان کی غذائی عادات گردوں کے امراض کے خطرے سے کس حد تک منسلک ہیں۔

ان افراد کی غذائی عادات سے متعلق معلومات مختلف سرویز کے ذریعے حاصل کی گئیں، جس کے بعد تقریباً 7 سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ 26 سے 37 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں پھلوں اور سبزیوں پر مشتمل غذاؤں کا زیادہ استعمال گردوں کے امراض کے خطرے میں کمی سے منسلک پایا گیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.