پاکستان نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بیڈیاں سیکٹر میں بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے فائرنگ کرکے 2 پاکستانی شہریوں کو قتل کیا، جس پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
سیکورٹیز کمیشن کا بیگسارا سیکیورٹیز کیس ایف آئی اے کو بھجوانے کا فیصلہ
دفتر خارجہ نے نہتے شہریوں پر بھارتی فورسز کی فائرنگ کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے جاں بحق شہریوں کو ’درانداز‘ قرار دینے کی بھارتی کوشش بھی مسترد کردی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق اور حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے بھارت سے فائرنگ کے واقعے کی فوری، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کرنے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامور کو دیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت تحقیقات کے نتائج اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سے پاکستان کو آگاہ کرے، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنائے اور سرحدی معاملات میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے۔
پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرے۔



