وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی سے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی و ایگزیکٹو چیئرمین محمود احمد نے ملاقات کی، جس میں پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں فاؤنڈیشن کی تعلیمی، تربیتی اور سماجی سرگرمیوں، وژن اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

محمود احمد نے وزیراعظم کو فاؤنڈیشن کے تعلیمی ماڈل CLE (Citizenship, Leadership & Entrepreneurship) کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماڈل کا مقصد روایتی تعلیم کے ساتھ طلبہ میں اخلاقی اقدار، سماجی ذمہ داری، قائدانہ صلاحیتوں اور عملی زندگی کے لیے ضروری مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے جدید تعلیم کے ساتھ کردار، اخلاق اور ذمہ داری کا شعور بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور قرآن پاک کی تعلیمات و سیرتِ نبوی ﷺ سے رہنمائی لیتے ہوئے نوجوانوں میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے تعلیمی شعبے میں اصلاحات کے لیے اقدامات کو حکومت کے سو روزہ پلان کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ تعلیمی اداروں میں ایسی نسل کی تیاری پر توجہ دی جائے گی جو علم و ہنر کے ساتھ کردار، قیادت، سماجی ذمہ داری اور قومی خدمت کے جذبے سے بھی سرشار ہو۔



