ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ مسلسل اصلاحات اور مضبوط زرِمبادلہ کے ذخائر پاکستان کے معاشی منظرنامے کو سہارا دے رہے ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں پاکستان کی معاشی شرح نمو رواں مالی سال 2027 میں 3.7 فیصد رہنے کی پیشگوئی برقرار رکھی گئی ہے، جو حکومت کے 4 فیصد بجٹ ہدف سے کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسلسل اصلاحات اور مضبوط زرِمبادلہ کے ذخائر پاکستان کے معاشی منظرنامے کو سہارا دے رہے ہیں۔
اسلام کے خلاف دشمنی وبا کی طرح پھیل رہی ہے: ترک صدر
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی میں مسلسل بہتری آئی۔ پاکستان کی شرح نمو مالی سال 2025 کے 3.2 فیصد سے بڑھ کر 3.7 فیصد ہوگئی۔ یہ اضافہ وسیع البنیاد رہا، جبکہ خدمات اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں بحالی کے ساتھ زراعت کے شعبے میں بھی بہتری دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے تنازع نے مالی سال کی آخری سہ ماہی میں معاشی سرگرمی کو سست کیا، جبکہ 2027 میں خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے نجی سرمایہ کاری میں اضافے کی توقع ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگی توانائی اور بیرونی غیر یقینی صورتحال شرح نمو میں تیزی کو محدود کرسکتی ہے۔ پاکستان کی معیشت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران معاشی استحکام مضبوط بنانے میں پیشرفت کی ہے، تاہم اصلاحات کا سلسلہ برقرار رکھنا اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا جامع معاشی نمو کے لیے اہم ہے۔
مالی سال 2026 میں معاشی نمو کو مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں میں توسیع سے تقویت ملی۔ سیلاب کے باوجود زراعت کے شعبے میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ شرح سود میں کمی اور بہتر کاروباری اعتماد کے باعث نجی سرمایہ کاری میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2026 کے دوران مالیاتی استحکام کا عمل بھی جاری رہا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مجموعی بین الاقوامی زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان کی بیرونی مزاحمت مزید مضبوط ہوئی۔