امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ انہیں احتجاج کا شوق نہیں، حکومت آج ہی پیٹرولیم لیوی ختم کردے تو جماعت اسلامی لانگ مارچ منسوخ کردے گی۔
خیبر پختونخوا میں مختلف جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 20 ستمبر سے لانگ مارچ شروع ہوگا اور 23 یا 24 ستمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی سے ٹرین مارچ کے ذریعے روانہ ہوں گے۔
ایران نے دشمن عناصر سے ملک کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے 3 لاکھ 13 ہزار جان نثار متحرک کر دیے
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد کسی کو ہاتھ لگانے نہیں بلکہ ریلیف لینے آرہے ہیں، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے سامنے تجاویز پیش کی گئی ہیں، لیکن حکومت انہیں ماننے سے انکار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مارچ کریں گے اور اگر کوئی رکاوٹ ڈالی گئی تو اسے ختم کرنا ہوگا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ صرف سیاسی جماعتیں تبدیل کرنے سے حالات نہیں بدلتے۔ جن جماعتوں میں مافیا موجود ہو، وہ ان کے خلاف کیسے آواز اٹھا سکتی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو بھی عوامی مسائل کی جانب توجہ دینا ہوگی، نہ معیشت بہتر ہورہی ہے اور نہ ہی امن قائم ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔