ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی (اے او سی) نے حج و عمرہ زائرین کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کو یکم اکتوبر تک موخر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
حکومت نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا ہے، جس کا اطلاق حج و عمرہ زائرین پر بھی ہوگا۔
اس حوالے سے ایئرلائنز آپریٹرز کمیٹی نے ہیلتھ آفیسر کراچی ایئرپورٹ کو خط لکھ کر حج و عمرہ زائرین کے لیے مینول ویکسینیشن کارڈ کی منسوخی کی مہلت بڑھانے کی درخواست کی ہے۔
اے او سی کے مطابق حکومتی ہدایات سے ٹریول ایجنٹس کو آگاہ کر دیا گیا ہے، جو مسافروں کو ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نئے نظام سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔ تاہم 16 ستمبر سے نئے نظام کے نفاذ کی تیاری کے لیے وقت کم ہے، اس لیے اس کا اجرا یکم اکتوبر تک موخر کیا جائے۔
کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ بیرونِ ملک سفر کرنے والے تمام مسافر بروقت ایئرپورٹ نہیں پہنچتے، جس کے باعث ایئرپورٹ پر ویکسینیشن کے دوران طویل قطاریں لگ سکتی ہیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اے او سی نے کراچی میں مختلف مقامات پر ویکسینیشن مراکز قائم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔ کمیٹی کے مطابق بہتر ہوگا کہ یہ مراکز نادرا کے دفاتر میں یا ان کے قریب قائم کیے جائیں تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔