پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کا احتجاج مؤخر کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کریں گے، جبکہ لانگ مارچ ملتوی کرنے کے لیے حکومت سے ہماری کوئی بات نہیں ہوئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ احتجاج صرف پی ٹی آئی کا اکیلا فیصلہ نہیں بلکہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ 27 ستمبر کے احتجاج میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی۔
پاکستان میں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے برعکس تقسیم کی بات ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز کے ذریعے رابطہ رہتا ہے، تاہم اس کی تفصیلات میڈیا کو نہیں بتاسکتے۔ حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے جسے کبھی چھپایا نہیں گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے اور انہوں نے بات چیت کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے رکھا ہے۔ ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری سمجھا گیا، تاہم فی الحال حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا خط موصول ہونا اچھی بات ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے خط پر کوآرڈینیشن کی جارہی ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود 10 ماہ سے ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔