Gas Leakage Web ad 1

الٹرا پروسیسڈ غذاؤں پر وارننگ کا نفاذ یقینی بنایا جائے، نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن

0

پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے تھنک ٹینک نے حکومت سے الٹرا پروسیسڈ مصنوعات پر لازمی فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے نفاذ کا عمل تیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔

Gas Leakage Web ad 2

پناہ کے اعلیٰ سطح تھنک ٹینک کے پانچویں اجلاس میں ماہرینِ صحت، پالیسی سازوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پناہ کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی نے کی۔

اجلاس میں پاکستان میں دل کی بیماریوں، ذیابیطس، موٹاپے اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غیر صحت بخش غذائی ماحول سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا۔

میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی نے کہا کہ صارفین کو یہ جاننے کا حق ہے کہ وہ کیا کھا رہے ہیں، اس لیے پیکیج کے سامنے واضح وارننگ لیبلز ہونے چاہئیں تاکہ چینی، سوڈیم اور غیر صحت بخش چکنائی کی زیادہ مقدار رکھنے والی مصنوعات کی فوری شناخت ممکن ہوسکے۔

پناہ کے جنرل سیکریٹری ثناء اللہ گھمن نے بتایا کہ وزارتِ قومی صحت خدمات کی جانب سے شواہد پر مبنی تجویز پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو جمع کرائے ہوئے دو سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم معاملہ تاحال زیرِ غور ہے۔

تھنک ٹینک نے پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی سے مطالبہ کیا کہ مزید تاخیر کے بغیر لازمی فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے قومی معیارات نافذ کیے جائیں، تاکہ عوام بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو غیر صحت بخش غذائی ماحول سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔

پناہ نے حکومت، ماہرینِ صحت، محققین، میڈیا اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر شواہد پر مبنی غذائی پالیسیوں اور غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.