سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، تاہم دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے 6 جوان شہید ہوگئے جن میں 2 افسران بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔ چاغی اور پشین میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور باقی دہشت گردوں کے خاتمے تک سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا۔
اسلام آباد: فائر سیفٹی قوانین پر عدم عملدرآمد، ہفتہ واربازار بند رکھنے کا فیصلہ
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی شاہراہوں اور مقامی آبادی کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت نے بلوچستان میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
صدر مملکت نے 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کے دفاع کی عظیم مثال قائم کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ نے جام شہادت نوش کرنے والے وطن کے 6 بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے جانیں قربان کرکے کسٹمز ہاؤس پر حملہ ناکام بنایا۔ شہداء کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کا ثبوت ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے، جبکہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔