اسلام آباد: مولانا فضل الرحمٰن نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق کیا گیا جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمٰن اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات کے دوران سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے باہمی تعاون اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔
سینیٹ اورقومی اسمبلی نے ڈیفنس فورسز آف پاکستان ترمیمی بل 2026 کی منظوری دے دی
اپوزیشن قائدین نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
ملاقات میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کے ساتھ حکومتی رویے اور طرز عمل پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کی آواز سنی جاتی ہے، اسے دبایا نہیں جاتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن بنائی جائے گی۔ یہ پہلی نشست تھی اور مزید مشاورت بھی ہوگی۔ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے انعقاد پر بھی بات ہونی چاہیے۔