پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے شوہر دانش تیمور سے علیحدگی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔
حال ہی میں عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں چند نمایاں تبدیلیاں کیں، جبکہ ان کے اکاؤنٹ سے دانش تیمور کے ہمراہ تصاویر بھی ہٹا دی گئیں، صرف ایک پوسٹ باقی رہی، جس پر مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا۔
صنفی بجٹ سازی میں پاکستان سر فہرست، صنفی مساوات میں آخری نمبر
اداکارہ کی نجی زندگی سے متعلق چہ مگوئیوں میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب وہ اپنے شوہر دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کے فائنل کی سنیما پریمیئر تقریب میں بھی شریک نہیں ہوئیں۔
تاہم اب عائزہ خان نے ایک فین پیج کی جانب سے کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شوہر سے علیحدگی کی افواہوں کو مسترد کردیا ہے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی طلاق یا علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔
عائزہ خان کے اس ردعمل کے بعد مداحوں کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر مختلف انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا گیا۔ بعض صارفین نے جوڑے سے علیحدگی نہ کرنے کی اپیل کی، جبکہ کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ افواہیں بے بنیاد ہیں تو عائزہ خان نے دانش تیمور کے ساتھ اپنی تصاویر کیوں ہٹائیں۔
خیال رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور کا شمار شوبز انڈسٹری کی معروف ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے اور دونوں کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پسند کیا جاتا ہے۔