پاکستان نے سعودی عرب پر حملے کی مذمت، عراق میں کارروائی کو حقِ دفاع قرار دے دیا
اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عراق میں کی گئی کارروائی کو سعودی عرب کا حقِ دفاع قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ سعودی عرب کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
پاکستان کی پہلی اکنامک سمٹ کے شرکا نے ملک میں انتظامی یونٹ کا قیام بنیادی مسائل کا حل قرار دیدیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد پر زور دیا ہے جبکہ دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کویت کے ساتھ دفاعی تعاون معاہدے کی توثیق کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اردن اور بحرین کے ساتھ بھی مضبوط دفاعی تعاون موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر اردن اور بحرین کے ساتھ نئے دفاعی تعاون معاہدوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
افغان شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزام پر طاہر اندرابی نے کہا کہ پاک افواج صرف دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروہ نہ صرف پاکستان کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں بلکہ پاکستانی شہریوں کو بھرتی بھی کرتے ہیں۔ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو قانونی جواز نہیں دے سکتا، جبکہ کارگل سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح اور ریکارڈ پر ہے اور یہ معاملہ اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔