کاہنہ اور باغبانپورہ میں پیش آنے والے حادثات کے بعد پنجاب حکومت نے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جانچ اور حفاظت سے متعلق نئی پالیسی نافذ کر دی ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کی جانب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے بجائے تمام نجی اسکولوں کو پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) سے رجسٹرڈ سول انجینئر یا رجسٹرڈ انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ایجوکیشن) کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی اسکول کی رجسٹریشن مکمل نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام نجی تعلیمی اداروں کو عمارتوں کی حفاظت سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔



