فیروزپور روڈ پر ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق، والدین زخمی
لاہور کے علاقے فیروزپور روڈ پر ستھرا پنجاب پروگرام کے ایک ٹرک اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کے والدین زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار ڈیڑھ سالہ بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اس کے والدین زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمی میاں بیوی کو فوری طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کر دیا۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ لیا اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔