قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ قطر کے امیری دیوان نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
امیری دیوان کے بیان میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا پر مکمل ایمان کے ساتھ ملک ایک عظیم نقصان پر سوگوار ہے۔
شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے دورِ حکومت میں قطر نے اقتصادی ترقی، سفارتی اثر و رسوخ اور عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو نمایاں طور پر مضبوط کیا۔
2013 میں شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اقتدار اپنے صاحبزادے شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا، جو اس وقت قطر کے امیر ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سابق قطری امیر کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے پاکستان اور قطر کے دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے شیخ حمد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔