Gas Leakage Web ad 1

پاکستان ریلوے پہلی بار 115 ارب روپے آمدن کے ساتھ منافع میں آیا: حنیف عباسی

0

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 80 پاور پلانٹس 23 مارچ تک پاکستان ریلوے میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کی گئی پانچ ٹرینوں سے تین ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا ہے، جبکہ دیگر ٹرینوں کی نجکاری کا عمل بھی جاری ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

انہوں نے بتایا کہ عوام ایکسپریس کے تین ریک آ چکے ہیں، جبکہ قراقرم ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور دیگر ٹرینوں کو جون 2026 تک ری فربش کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی بار فریٹ سیکٹر سے 41 ارب روپے کی آمدن حاصل کی ہے۔ دستیاب تمام رولنگ اسٹاک کو مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا اور بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل کے لیے بھی مسلسل کام کیا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔

پیسکو کا دورانِ ملازمت جاں بحق ملازمین کے سن کوٹہ کیسز پر غور کا فیصلہ

حنیف عباسی نے کہا کہ ایم ایل ون، ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری منصوبے پاکستان ریلوے کے لیے ناگزیر ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ایم ایل ون منصوبے پر بات چیت جاری ہے اور جلد وزیراعظم سے اس کا افتتاح کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے روہڑی سے کراچی کا سفر تقریباً پانچ گھنٹے کم ہو جائے گا، جبکہ ایم ایل ٹو میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرمایہ کاری لائی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پہلی بار چاروں صوبوں میں آٹھ برانچ ریلوے روٹس تعمیر کیے جائیں گے اور اورنج ٹرین سروس دیہی علاقوں تک بھی پہنچائی جائے گی۔ پیپلز ٹرین منصوبے کے لیے بلوچستان حکومت نے فنڈز فراہم کیے ہیں، جبکہ سندھ کے دو نئے ریلوے روٹس پر جلد دستخط ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روہڑی جنکشن کو جدید خطوط پر ازسرنو تعمیر کیا جائے گا، جبکہ راولپنڈی میں جدید گارڈ روم اور ریسٹ ایریا مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرز کے جدید گارڈ روم خانیوال، کوٹری، روہڑی، لاہور اور پشاور میں بھی قائم کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کاہنہ جیسے افسوسناک واقعات کے انتظار کے بجائے بوسیدہ ریلوے کوارٹرز کی ازسرنو تعمیر کی جا رہی ہے۔ ریلوے ملازمین کے جی پی فنڈز کی 50 کروڑ روپے کی ادائیگی بھی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے اسکولوں میں معیاری تعلیم اور ریلوے اسپتالوں کی نجکاری کے بعد ملازمین کو 25 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

حنیف عباسی نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ریلوے حادثات میں کمی آئی ہے، جبکہ ریلوے میں تمام ٹھیکے اوپن آکشن کے ذریعے دیے جا رہے ہیں اور کسی من پسند شخص کو فائدہ نہیں پہنچایا گیا۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بادامی باغ کی نیلامی میں 52 ملین روپے کے بجائے ساڑھے چار سو ملین روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے لیے مختص خصوصی سیلون صرف ایک بار استعمال کیا ہے اور اپنے گھر کے کسی ملازم کو بھی ریلوے کی مفت ٹکٹ جاری نہیں کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.