امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک عظیم ملٹری لیڈر ہیں۔
سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات کے آغاز سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم مستقبل کے لیے مزید بہتر کام کرنا چاہتے ہیں اور امن کے لیے ایران کے مثبت کردار کے خواہاں ہیں۔
قاہرہ اجلاس کا اعلامیہ جاری: پاکستان، مصر، سعودیہ اور ترکیہ کا ایران امریکا مفاہمت کا خیرمقدم
جے ڈی وینس نے کہا کہ پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار لائق تحسین ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلام آباد میں میرا استقبال کیا ہے اس کے بعد سے میں از راہ مذاق یہ بات کرتا رہا ہوں کہ میری زندگی میں دو اہم ترین شخصیات میں سے ایک بھارتی ہے اور ایک پاکستانی، بھارتی شخصیت میری اہلیہ ہیں جبکہ پاکستانی شخصیت فیلڈ مارشل عاصم منیر ہیں۔
امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ میں نے تین ماہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جتنی بات کی ہے شاید ہی کسی سے کی ہو، اگر ان کی حکمت عملی نہ ہوتی تو شاید ہم یہاں نہ ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے، لبنان کی صورتحال پر تشویش ہے، اور امریکی صدر لبنان میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے ہمیں متعدد مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستہ تلاش کرنے کا اختیار دیا ہے، اور اب ہم ایک ایسا مستقبل دیکھ رہے ہیں جہاں سب مل کر امن و خوشحالی کے لیے کام کریں۔