اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نئے نظام میں ٹیکس گزار اور ٹیکس افسر کے درمیان براہِ راست تعلق ختم ہو جائے گا اور اس کی جگہ فیس لیس سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے بجٹ سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری کوششیں رنگ لائیں اور خطے میں جنگ کے بادل چھٹ گئے، جس پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آزاد کشمیر انتخابات: مسلم لیگ (ن) نے 45 میں سے37 حلقوں کے ٹکٹ جاری کر دیے
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ بجٹ میں ہی معاشی سمت کا تعین کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں معاشی استحکام آیا۔ ان کے مطابق ملکی صنعتیں سرگرم ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہو چکا ہے اور برآمدی شعبہ بھی بہتری کی جانب گامزن ہے، جبکہ آئی ٹی ایکسپورٹس میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس نظام میں بنیادی نوعیت کی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس گزار اور ٹیکس افسر کے درمیان رابطہ ختم کیا جائے گا اور فیس لیس سسٹم اس کی جگہ لے گا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی کارکردگی کے حوالے سے تنقید کی گئی ہے، اور مثبت تنقید کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔