سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے افغانستان کے خلاف فائنل میں شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس فتح نے پوری قوم کو خوشی اور فخر کا احساس دلایا ہے، جبکہ انہوں نے قومی کھلاڑیوں کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی بھی دعا کی۔
چار ملکی ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ، پاکستان نے افغانستان کو 0-2 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا
دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی مالدیپ میں ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان فٹبال ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس نے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فٹبالرز نے میدان میں شاندار کھیل اور غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کر کے تاریخ رقم کی، اور طویل عرصے بعد پہلا انٹرنیشنل فٹبال ٹائٹل جیتنا پاکستان فٹبال کے نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فٹبال ٹیم کی یہ تاریخی فتح ہر اسپورٹس مین کے لیے باعثِ تقلید اور حوصلہ افزا ہے، جبکہ انہوں نے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی محنت کو سراہتے ہوئے مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
قومی ٹیم نے پورے ایونٹ میں ناقابلِ شکست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی، جسے پاکستان فٹبال کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے اور اس سے ملک میں فٹبال کے فروغ اور بحالی کی کوششوں کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔