حکومت پاکستان نے نجکاری کمیشن کے ذریعے بجلی کی تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (FESCO)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (GEPCO) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO) کی نجکاری کے لیے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے اظہار دلچسپی (EOIs) باضابطہ طور پر طلب کر لیے ہیں۔
مونی رائے سے علیحدگی کی وجہ کوئی تیسرا؟ سوراج نے خاموشی توڑ دی
اس نجکاری کے تحت سرمایہ کاروں کو ہر کمپنی میں مینجمنٹ کنٹرول کے ساتھ 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص حاصل کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام حکومت کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کارکردگی میں بہتری، خدمات کے معیار میں اضافہ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور پاور سیکٹر میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو مجموعی طور پر پنجاب اور اسلام آباد کے بڑے صنعتی، تجارتی اور شہری علاقوں میں 14 ملین سے زائد صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہیں۔
نجکاری کا یہ عمل بین الاقوامی معیار کے مطابق شفاف اور مسابقتی طریقہ کار کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار انفرادی طور پر یا کنسورشیم کی صورت میں شرکت کر سکتے ہیں، تاہم ہر کمپنی کے لیے علیحدہ پیشکش جمع کرانا لازم ہوگا۔
اظہار دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخیں درج ذیل ہیں:
فیسکو: 7 جولائی 2026
گیپکو: 6 اگست 2026
آئیسکو: 7 ستمبر 2026
نجکاری کمیشن اور مالیاتی مشیر کی جانب سے سرمایہ کاروں کو منصوبے، ڈھانچے اور طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے ایک آن لائن بریفنگ بھی منعقد کی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو جدید، مؤثر اور صارف دوست بنانے، نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے طویل المدتی مالی استحکام اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو تقویت ملے گی۔
نجکاری کمیشن مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ٹیرف ڈھانچے، بزنس ماڈل اور ریگولیٹری فریم ورک میں بہتری کے امکانات کا بھی جائزہ لے گا، تاکہ نجی شعبے کی زیادہ مؤثر شمولیت ممکن بنائی جا سکے۔
تفصیلی معلومات اور اہلیت کے معیار نجکاری کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔