وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ اجلاس کے دوران مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی نے پنجاب میں لائیوسٹاک کے شعبے سے متعلق جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ پنجاب میں میٹ ایکسپورٹ کے فروغ کے لیے چینی کمپنی سمیت 7 اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چین کی گلوبل میٹ کمپنی پنجاب میں پامکو کے اشتراک سے بوائلر یونٹ نصب کرے گی، جس کے ذریعے بڑے پیمانے پر بوائلڈ میٹ ایکسپورٹ کے لیے تیاری کی جائے گی۔
بریفنگ کے مطابق میٹ ایکسپورٹ کے لیے مختلف کمپنیوں کی جانب سے تیار 3 لاکھ مویشیوں کا گوشت امپورٹ کیا جائے گا، جبکہ 3 لاکھ گائے اور بھینس، 3 لاکھ مینڈھوں وغیرہ کی فیٹننگ کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ بکرے اور بھیڑیں ایکسپورٹ کے لیے تیار کی جائیں گی۔
حکومت کی آئی ایم ایف کو کھربوں روپے کمرشل بینکوں سے سرکاری خزانے میں منتقل کرنے کی یقین دہانی
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لائیوسٹاک فارمنگ کے شعبے میں پہلی بار میکانائزیشن متعارف کرائی جائے گی، جس کے تحت حکومت 60 فیصد تک سبسڈی پر جدید مشینری فراہم کرے گی، جس میں ملک چلر، فیڈ مکسر، ویٹ سکیل اور دیگر آلات شامل ہوں گے۔
پنجاب کی ہر تحصیل میں جدید سہولیات سے آراستہ ویٹرنری ہسپتال قائم کیا جائے گا، جبکہ دیہی علاقوں میں جانوروں کے علاج کے لیے ہر تحصیل میں چار موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں بھی کام کریں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کو مفت مویشی فراہم کرنے کے کوٹے میں اضافہ کرتے ہوئے اسے دوگنا کرنے کی ہدایت دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں بیوہ اور مطلقہ خواتین کو 9 ہزار 255 مویشی مفت فراہم کیے گئے ہیں۔ ایکسپورٹ کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے 2 ملین جانوروں کو ٹیگ کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ 2 ملین فارمز کو نسل بڑھانے کے لیے سبسڈی پر سیمنز فراہم کیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں 2022 کے بعد مویشیوں میں گل گھوٹو اور لمپی سکن کی بیماری رپورٹ نہیں ہوئی، اور حالیہ سیلاب کے بعد بھی کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ لمپی سکن کی امپورٹڈ ویکسین 300 روپے جبکہ مقامی طور پر تیار کردہ ویکسین صرف 30 روپے میں دستیاب ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں لائیوسٹاک جیسے اہم شعبے کو نظر انداز کرنا افسوسناک ہے، تاہم یہ شعبہ دیہی معیشت اور خود انحصاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔