حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد اپوزیشن نے کل (جمعرات) ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادیوں نے اپوزیشن رہنماؤں سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی، بیرسٹر گوہر اور جنید اکبر شریک تھے۔ ملاقات میں مزید رکن پارلیمنٹ راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور امین الحق بھی شامل تھے۔
بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کو فعال انداز میں کنٹرول کیا جائے گا اور ایرانی مسلح افواج اس حوالے سے تعاون کریں گی۔
بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے کل (جمعرات) لیاقت باغ میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا، اور یہ اقدام حکومتی درخواست پر کیا گیا۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا اہم اجلاس بھی ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور خصوصاً خطے میں ہونے والی حالیہ اہم تبدیلیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پولیٹیکل کمیٹی نے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر غور کیا اور اس سنگ میل کا خیرمقدم کیا۔ تحریک انصاف نے اس اہم کامیابی کے حصول میں تمام فریقین کی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان تحریک انصاف مشرقِ وسطیٰ میں محض عارضی تعطل نہیں بلکہ مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کی خواہاں ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ خطے میں استحکام ہی عالمی معیشت اور انسانیت کی بقا کا ضامن ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ایران کے خلاف تاریخی فتح اور جنگ بندی سے امن کا نیا موقع پیدا ہوا ہے، اور امریکی وزیر دفاع بھی اس پیش رفت کو اہم قرار دے چکے ہیں۔
پاکستان 10 اپریل کو اسلام آباد میں مستقل جنگ بندی کے حوالے سے فریقین کے درمیان ایک انتہائی اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، جو عالمی اور علاقائی امن کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
اس بین الاقوامی تناظر، علاقائی صورتحال اور پورے خطے کو جنگ کے اثرات سے بچانے کی سفارتی کوششوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پولیٹیکل کمیٹی نے 9 اپریل کو لیاقت باغ، راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
قائد تحریک انصاف عمران خان نے بھی بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے پیغام بھجوایا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر جلسہ ملتوی کیا جائے، جس کا اظہار بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا۔
پاکستان تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ اس وقت قومی اور علاقائی مفاد کے پیشِ نظر تمام تر توجہ امن مذاکرات کی کامیابی اور سفارتی کوششوں کے استحکام پر مرکوز کرنا ضروری ہے تاکہ مستقل امن کی منزل حاصل کی جا سکے۔ جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد موزوں وقت پر کیا جائے گا۔