پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس، دشمن تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے , نیول چیف
کراچی میں دوسرے پی این ملجم کلاس کارویٹ **پی این ایس خیبر** کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ دشمن کی اہم تنصیبات اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے جدید ترین پلیٹ فارمز اور مخصوص ٹیکنالوجیز سے لیس ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے اہم بحری تجارتی اور توانائی کے راستوں پر تزویراتی محلِ وقوع کے پیش نظر قومی مفادات کے تحفظ اور سمندری گزرگاہوں کی حفاظت کے لیے مضبوط اور جدید بحری قوت ناگزیر ہے۔
نیول چیف نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ بھارتی طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار تھی جس کے باعث بھارتی بحریہ کو اپنی محفوظ بندرگاہوں تک محدود رہنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران بحری آپریشنز کی مہارت اور حکمت عملی نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے بحری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ پی این ایس خیبر جیسے جدید پلیٹ فارمز اور مستقبل میں شامل ہونے والی ہنگور کلاس آبدوزیں پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت اور آپریشنل استعداد کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر پی این ایس خیبر کے عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سمندری حدود کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔