چین کا ایران کو مذاکرات کو ترجیح دینے کا مشورہ
چین نے ایران پر زور دیا ہے کہ جنگ کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دی جائے، اس حوالے سے چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، چینی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وانگ یی نے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ بات چیت اور سفارت کاری میں ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کو امن مذاکرات کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور تنازعات کو طاقت کے استعمال کے بجائے سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کرنا ضروری ہے، چینی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن اور معیشت کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے، دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے کی صورتحال پر اپنا مؤقف پیش کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے برقرار رکھنے اور سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، چین اس سے قبل بھی بارہا جنگ بندی اور سیاسی حل کو دیرپا استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیتا رہا ہے۔