وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے قائم نام نہاد افغان وزارت دفاع کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی بعض چوکیوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے اور انہیں نقصان پہنچایا گیا ہے۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان میں جیٹ فیول کی سپلائی متاثر ہو گئی
وزارت اطلاعات کے مطابق یہ دعویٰ مکمل طور پر من گھڑت ہے اور اسے افغان عوام کو گمراہ کرنے کے مقصد سے گھڑا گیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ افغان عوام خود انہی دہشت گرد عناصر کے باعث براہِ راست مشکلات اور مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزارت اطلاعات نے مزید بتایا کہ پاکستانی وزارت اطلاعات افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو ہونے والے نقصانات اور ہلاکتوں کے حوالے سے مسلسل آگاہ کرتی رہتی ہے، تاہم دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچوں کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں احتیاط بھی برتی جا رہی ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے دعوؤں اور بھارتی میڈیا و سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ طالبان حکومت کے ان بے بنیاد دعوؤں کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق ثبوت سامنے نہیں آیا، اور جب بھی ان دعوؤں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی گئی تو وہ ہمیشہ غلط ثابت ہوئے۔