امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘سوشل ٹروتھ’ پر جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ایرانی حکومت کی جانب سے آنے والے خطرات کو ختم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔
رات گئے کھانا دل اور شوگر کےلیے خطرہ، نئی تحقیق میں اہم انکشاف
امریکی صدر نے مزید کہا کہ کچھ دیر پہلے امریکی فوج نے ایران کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کیا ہے کیونکہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے میزائل نظام اور میزائل انڈسٹری کو تباہ کر دیں گے اور ایران کی بحریہ کو بھی ختم کرنے جا رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے، جبکہ امریکا نے خطے میں اپنے اہلکاروں کے لیے خطرات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکنہ قدم اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران کے خلاف میزائل حملے شروع کر دیے ہیں۔ امریکا کی جانب سے فضا اور سمندر سے ایران پر حملے کیے جا رہے ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے بھی فضائی کارروائی جاری ہے۔ ان حملوں میں ایران کے دارالحکومت تہران سمیت اصفہان، تبریز، قم اور کرج کو نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں تہران میں دھویں کے بادل اٹھتے بھی دیکھے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایران نے ان امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد اپنی فضائی حدود کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے اور تہران کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان کے سخت ترین ردعمل کے لیے تیار رہیں۔ ایران کا پیغام ہے کہ اب اختتام ان کے ہاتھ میں نہیں ہے اور ایرانی ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔