وزیراعظم راٹھور کی 100 روزہ کارکردگی: عوامی فلاح، ترقی اور مثالی طرز حکمرانی کے تاریخی فیصلے، چوہدری محمد رفیق نئیر

وزیراعظم راٹھور کی 100 روزہ کارکردگی: عوامی فلاح، ترقی اور مثالی طرز حکمرانی کے تاریخی فیصلے، چوہدری محمد رفیق نئیر

0

وزیر اطلاعات، اوقاف و مذہبی امور آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں قائم پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کی عوامی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر حکومتی کارکردگی کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں حکومت نے ایسے عملی اور دور رس فیصلے کیے ہیں جن کے مثبت اثرات پورے خطے میں نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ سیاسی نظام کی بحالی، میرٹ کے فروغ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی، کئی سالوں سے زیر التوا مسائل کے حل، سروس ڈلیوری میں بہتری اور عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے جو تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں ان کی وجہ سے عوام کا نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے اور ریاست سے بے چینی کی کیفیت ختم ہوئی ہے۔

امریکا ایران مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ بے نتیجہ ختم، جنگ کے خطرات بڑھ گئے

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے انفراسٹرکچر کی بہتری کو ترجیح دیتے ہوئے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی توسیع اور ری کنڈیشننگ کے منصوبوں کا آغاز کیا۔ تاریخی اوورسیز کنونشن، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے معاہدے پر عملدرآمد، ہیلتھ کارڈ، انٹرنیٹ سروس کی بہتری کے لیے فائیو جی سروسز شروع کرنے کے عملی اقدامات، عوامی مسائل حل کرنے کے لیے پے در پے کابینہ اجلاس، تمام حلقوں میں ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سمیت کئی سالوں کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی کے لیے نئی ٹاؤن کمیٹیوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کے اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں بعض میونسپل کمیٹیوں کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینا اور نئی نیابتوں کا قیام شامل ہے۔ شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اسٹریٹ لائٹس، واٹر سپلائی اسکیموں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

صحت کے شعبے میں کوٹلی ڈسٹرکٹ ہسپتال کو 250 بیڈ تک توسیع دینے، ڈی ایچ کیو میں اضافی بیڈز فراہم کرنے اور نیلم ڈسٹرکٹ ہسپتال کو 100 بیڈ تک بڑھانے کے فیصلے کیے گئے ہیں۔ میرپور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کے قیام اور مختلف اضلاع میں سی ٹی اسکین مشینوں کی فراہمی کی منظوری دی گئی ہے۔

تعلیم کے میدان میں نئے ڈگری کالجز اور یونیورسٹی کیمپس کے قیام، ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی منظوری اور طلبہ کا تعلیمی سیشن متاثر نہ ہونے دینے کے لیے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر 300 سے زائد لیکچررز کی ایڈہاک تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔ طلبہ یونین کی بحالی اور تعلیمی بورڈز کے قیام کی منظوری کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں اربوں روپے کی لاگت سے فائبر آپٹک نیٹ ورک بچھانے کے تاریخی منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ٹیلی کام سیکٹر کے لیے رائٹ آف وے چارجز کے خاتمے اور 5 جی سروسز کے بروقت اجرا کے لیے پالیسی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ دور دراز علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سہولیات کی فراہمی کے لیے پی ٹی اے نے سروے شروع کر دیا ہے۔

اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے تاریخی اوورسیز کنونشن کا انعقاد، ان کے مسائل کی جلد یکسوئی کے لیے علیحدہ عدالت کا قیام، ان کی شکایات کے ازالے کے لیے ویب پورٹل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فلاحی اقدامات کے تحت کم از کم ماہانہ اجرت چالیس ہزار روپے مقرر کرنے، گریڈ ون ملازمین کی مستقلی، ڈرائیورز کے گریڈ میں اضافے، چھوٹے ملازمین کو اضافی تنخواہ دینے اور ہیلتھ کارڈ کے اجرا جیسے فیصلے کیے ہیں۔ بجلی کے بقایاجات کی معافی، پنشن تفاوت کے خاتمے اور معذور افراد کے لیے وظائف و کوٹہ بڑھانے کے اقدامات بھی منظور کیے گئے ہیں۔ احتجاجی واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد اور سرکاری ملازمت فراہم کر دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے سنجیدہ اور متحرک ہے اور تمام اعلانات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مربوط مانیٹرنگ نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت آزاد جموں و کشمیر کو ترقی، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کی نئی سمت فراہم کرے گی اور مختصر مدت میں کیے گئے اقدامات آنے والے برسوں کی بنیاد ثابت ہوں گے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.