وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، جعلی ادویات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون اور ساؤتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی پوری منی ٹریل بے نقاب کی جائے، حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں اور اس حوالے سے بلاامتیاز ایکشن نظر آنا چاہیے۔ اسی دوران ایف آئی اے کی فیصل آباد اور ملتان میں کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سولر پینلز کی آڑ میں منی لانڈرنگ پر جعلی کمپنیوں پر 111 ارب روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ
وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو جھانسہ دے کر باہر بھجوانے والے رتی بھر رعایت کے مستحق نہیں، لہٰذا بغیر کسی دباؤ کے ایجنٹس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، اس لیے اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائے گی اور تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے کیونکہ کارکردگی سے ادارے کی نیک نامی بڑھانی ہے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 4 ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا، 140 ملین روپے کی نان کسٹم مصنوعات اور ڈرگز ضبط کی گئیں، جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ائیر پورٹ پر سہولت سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔