ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے 46 افسران کی غیر ملکی مشنز میں تعیناتی پر سنگین بے ضابطگیاں بے نقاب

0

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ میں تعینات 46 افسران و اہلکاروں کی بیرون ملک تعیناتی میں سنگین انتظامی بے ضابطگیاں سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد افسران اپنی مدتِ تعیناتی مکمل ہونے کے باوجود وطن واپس نہیں آئے جبکہ ان کی جگہ کسی متبادل افسر کی تقرری کا کوئی بندوبست بھی نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تعینات کیے گئے افسران میں گریڈ 17 کے 13 اور گریڈ 16 کے 12 ملازمین شامل ہیں، جبکہ باقی دیگر نچلے گریڈز سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ اہلکار دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں امیگریشن و پاسپورٹ سروسز سرانجام دے رہے تھے۔

انتظامی ماہرین کے مطابق افسران کی غیر حاضری اور محکمانہ بے عملی کے باعث نہ صرف بیرون ملک پاکستانیوں کو خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، بلکہ سفارتی مشنز پر کام کا بوجھ بھی بڑھ گیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض افسران مقامی شہریت یا روزگار کے امکانات کے باعث وطن واپسی سے گریزاں ہیں، جبکہ تاحال ان کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس سنگین غفلت پر وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور اصلاحی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.