11،11 سیل کا حیران کن سودا، چینی خریدار نے 450 روپے میں پورا فلیٹ خرید لیا
چین میں آن لائن شاپنگ سیل فیسٹیول 11.11، جسے ڈبل الیون بھی کہا جاتا ہے، انتہائی مقبول ہے۔ اس موقع پر مختلف اشیا انتہائی کم قیمتوں پر فروخت کی جاتی ہیں، تاہم اس بار چین میں ایک گھر محض 11 یوان (450 پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کردیا گیا۔

چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ (Heilongjiang) کے شہر ہیگانگ میں ڈبل الیون فیسٹیول کے موقع پر ایک فلیٹ نیلامی کے لیے پیش کیا گیا، جسے صرف 11 یوان میں فروخت کردیا گیا۔
68 مربع میٹر رقبے پر مشتمل یہ فلیٹ ایک عمارت کی ساتویں منزل پر واقع ہے اور اس میں دو بیڈروم موجود ہیں۔ اس فلیٹ کی فروخت نے ڈبل الیون فیسٹیول کے دوران سستی اشیا کی فروخت کے تمام ریکارڈز کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا۔
11 یوان پاکستانی کرنسی میں 458 روپے سے زائد بنتے ہیں اور یہ فلیٹ ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے پلیٹ فارم کے ذریعے فروخت کیا گیا۔
نیلامی کا آغاز صرف ایک یوان سے ہوا تھا، جو بتدریج بڑھتے ہوئے 11 یوان تک پہنچ گئی۔ پلیٹ فارم کے ریکارڈز کے مطابق 5 نومبر کو ختم ہونے والی اس نیلامی میں مجموعی طور پر 1667 افراد نے حصہ لیا۔
نیلامی میں کامیابی حاصل کرنے والے شخص کا تعلق مشرقی چین کے ایک صوبے سے ہے، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
نیلامی میں کامیابی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ شخص نے لائیو اسٹریم کے دوران بتایا کہ اس کا اس شہر میں منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ اس فلیٹ کو اپنے پاس رکھے گا تاکہ وہاں تعطیلات گزار سکے۔
فلیٹ کی قیمت 11 یوان کے علاوہ نئے مالک کو جائیداد کی ملکیت اپنے نام منتقل کروانے کے لیے مزید 2 ہزار یوان بھی ادا کرنا ہوں گے۔
شہر میں پراپرٹی ایپس کے تخمینوں کے مطابق سیکنڈ ہینڈ فلیٹس کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 40 ہزار یوان کے قریب ہے۔
فلیٹ کی نیلامی کرنے والے ادارے کے ایک منیجر نے بتایا کہ یہ معاہدہ ڈبل الیون پروموشن کے تحت ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے ساتھ کیا گیا تھا، جو فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق پورا کرے گی۔



