Gas Leakage Web ad 1

تنخواہ میں کٹوتی نہیں، جمعہ کی چھٹی بھی: امریکی کمپنی کی آمدنی 3 سال میں 160 فیصد بڑھ گئی

0

عام طور پر کمپنیاں اپنے ملازمین سے زیادہ سے زیادہ وقت تک کام لینے کی کوشش کرتی ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ تاہم، امریکا کی ایک کمپنی نے اس روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر ملازمین کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں بہتر توازن پیدا کرنے کے لیے ہفتے میں صرف 4 دن کام کرنے کا منفرد تجربہ کیا، جس کے نتائج حیران کن ثابت ہوئے۔

Gas Leakage Web ad 2

2022 کے آخر میں امریکی کمپنی کے سربراہ جیک کرٹز نے ملازمین کی زندگی اور کام کے درمیان بہتر توازن قائم کرنے کے بارے میں سوچا۔ اسی دوران ان کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ اگر ملازمین کو ہر ہفتے صرف 4 دن کام کرنے کا پابند کیا جائے تو اس کے کیا نتائج سامنے آسکتے ہیں؟

سوشل میڈیا ایجنسی بریک میڈیا (Brick Media) کے چیف ایگزیکٹو جیک کرٹز نے سوشل میڈیا پر یورپی کمپنیوں کی جانب سے ہفتے میں 4 دن کام کرنے کے تجربات کا جائزہ لیا، جس کے بعد جنوری 2023 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں واقع اپنی کمپنی میں 90 روزہ آزمائشی منصوبہ شروع کیا۔

اس منصوبے کے تحت ملازمین کو ہفتے اور اتوار کے علاوہ جمعے کو بھی چھٹی دینا شروع کی گئی، جبکہ ان کی تنخواہوں میں کسی قسم کی کمی نہیں کی گئی۔ اس تجربے کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد اپریل 2023 میں اسے مستقل پالیسی کا حصہ بنا دیا گیا۔

اب تین سال گزرنے کے بعد کمپنی کی کارکردگی اور آمدنی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تین سال کے دوران مجموعی آمدنی میں 160 فیصد اضافہ ہوا۔ اس میں 2023 کے دوران 73 فیصد، 2024 میں 39 فیصد اور 2025 میں 8 فیصد اضافہ شامل ہے۔

جیک کرٹز کا ماننا ہے کہ کمپنی کی آمدنی میں اضافے اور مجموعی کامیابی کی ایک بڑی وجہ ملازمین کو ہر ہفتے تین چھٹیاں دینا ہے، جس سے انہیں کام کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی کے لیے بھی زیادہ وقت میسر آتا ہے۔

چار روزہ ورکنگ ویک کے باعث کمپنی میں ملازمین کی جانب سے ملازمت چھوڑنے کی شرح میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 2022 میں کمپنی کے 6 ملازمین نے نوکری چھوڑی تھی، جبکہ 2023 میں یہ تعداد کم ہو کر 2 رہ گئی۔ اسی طرح 2024 میں 2، 2025 میں 3 ملازمین نے ملازمت چھوڑی، جبکہ 2026 میں اب تک کسی بھی ملازم نے نوکری نہیں چھوڑی۔

کمپنی میں ملازمین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 2022 کے آخر میں بریک میڈیا کی ٹیم 15 افراد پر مشتمل تھی، جو اب بڑھ کر 25 ملازمین تک پہنچ چکی ہے۔

جیک کرٹز کے مطابق کمپنی کی انتظامیہ ملازمین پر کام کا اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کرتی ہے اور اگر کام کی ضروریات بڑھ جائیں تو موجودہ ملازمین پر اضافی ذمہ داریاں ڈالنے کے بجائے مزید افراد کو بھرتی کیا جاتا ہے۔

تاہم، بعض اوقات ملازمین کو جمعے یا ہفتے اور اتوار کے روز بھی کچھ کام کرنا پڑتا ہے، لیکن ایسے کام کا دورانیہ عموماً چند منٹوں تک محدود ہوتا ہے اور اس کے عوض انہیں اوور ٹائم بھی ادا کیا جاتا ہے۔

کمپنی میں ملازمین پیر سے جمعرات تک روزانہ 9 گھنٹے کام کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کا ہفتہ وار مجموعی دورانیہ 40 گھنٹوں کے بجائے 36 گھنٹے رہ گیا ہے۔ اس تبدیلی کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں کوئی کمی یا تبدیلی نہیں کی گئی۔

اس کے علاوہ ملازمین کو ہر ہفتے چار میں سے تین دن گھر سے کام کرنے کی سہولت بھی حاصل ہے، جبکہ ہفتے میں صرف ایک دن انہیں دفتر آنا ہوتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.