سابق کپتان محمد یوسف نے بابر اعظم کو خصوصی کوچنگ حاصل کرنے کا مشورہ
سابق قومی کپتان محمد یوسف نے اسٹار بلے باز بابر اعظم کی مسلسل خراب کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خصوصی کوچنگ حاصل کرنے کا مشورہ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں محمد یوسف نے لکھا کہ بابر اعظم کو اس وقت تک فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے جب تک وہ خصوصی کوچنگ کے ذریعے اپنی تکنیکی خامیاں دور نہیں کرلیتے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل مشکلات کا سامنا بابر اعظم کے اعتماد اور کیریئر کو مزید نقصان پہنچا سکتا ہے، اس لیے انہیں انگلینڈ یا آسٹریلیا کی کسی کرکٹ اکیڈمی میں بھیجا جانا چاہیے تاکہ ماہر کوچز کی رہنمائی میں اپنی خامیوں پر قابو پاسکیں۔
سابق کپتان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ بابر اعظم اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور مناسب رہنمائی کے ساتھ وہ دوبارہ اپنی بہترین فارم حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے حالیہ ون ڈے سہ ملکی سیریز میں بابر اعظم کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی بیٹنگ میں بہتری کے لیے خصوصی توجہ اور محنت کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی سہ ملکی سیریز میں بابر اعظم پانچ میچز میں 23.60 کی اوسط سے صرف 118 رنز بنا سکے اور کوئی نصف سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ فائنل میں سری لنکا کے خلاف وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ وہ چار سال قبل بھی بابر اعظم کے لیے یہی تجویز دے چکے ہیں، تاہم اس وقت کسی نے ان کی بات پر توجہ نہیں دی، اب انہیں امید ہے کہ ان کے مشورے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں کامیابی کے بعد پریس کانفرس میں کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور وہ دومیسٹک کرکٹ میں واپس جا رہے ہیں اور جلد ہی وہ کم بیک کریں گے۔



