قائد اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کے سکواڈز اور شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان کے سب سے پرانے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا 69واں ایڈیشن کل سے ملک بھر میں کھیلا جائے گا۔ قائد اعظم ٹرافی گولڈ ٹورنامنٹ میں 8 جبکہ سلور میں 12 ریجنل ٹیمیں شرکت کریں گی۔ قائد اعظم ٹرافی گولڈ کے پہلے راؤنڈ میں ٹیسٹ کپتان بابر اعظم لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے جبکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی کپتانی کریں گے۔ لاہور وائٹس اور فاٹا پہلے میچ میں کل سے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں مدمقابل ہوں گے۔ گولڈ اور سلور میں ٹوٹل 60 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے، سلور ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے سیزن گولڈ میں شرکت کریں گی۔
قائد اعظم ٹرافی گولڈ میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز، فیصل آباد، فاٹا، لاہور وائٹس، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ بلوز شامل ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی سلور میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی سلور گروپ اے میں لاہور بلوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور، پشاور وائٹس کو شامل کیا گیا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی سلور گروپ بی میں کراچی وائٹس، آزاد جموں کشمیر، حیدر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس شامل ہے۔ قائد اعظم ٹرافی گولڈ 3 نومبر سے 19 دسمبر تک کھیلی جائے گی، گولڈ کے ہر راؤنڈ میں چار میچز کھیلے جائیں گے جو اسلام آباد، ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ قائد اعظم ٹرافی گولڈ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 سے 19 دسمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ قائد اعظم ٹرافی سلور 3 نومبر سے 7 دسمبر تک کھیلی جائے گی۔ سلور گروپ اے کے میچز کراچی میں سٹیٹ بینک، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور کے سی سی اے سٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ سلور گروپ بی کے میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم، سپورٹس کمپلیکس رحیم یار خان اور ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں ہوں گے۔ گولڈ کے میچز نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد، ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں منعقد ہوں گے۔



