**ناروے کے اسٹار فٹبالر ایرلنگ ہالینڈ کی مقبولیت پیرو تک پہنچ گئی، 468 نوزائیدہ بچوں کے نام ان کے نام پر رکھ دیے گئے**
ناروے کی قومی ٹیم اگرچہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی، تاہم اس کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر کے شائقین کے دل جیت لیے۔ ٹورنامنٹ میں ان کی مسلسل بہترین فارم نے انہیں عالمی سطح پر مزید مقبول بنا دیا۔
25 سالہ ایرلنگ ہالینڈ نے ناروے کو 28 برس بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے برازیل کے خلاف دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلائی اور پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہالینڈ نے پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر سات گول کیے۔
ان کی غیرمعمولی کارکردگی کا اثر جنوبی امریکی ملک پیرو میں بھی دیکھا گیا، جہاں مداح اپنے نوزائیدہ بچوں کے نام "ہالینڈ” یا "ایرلنگ ہالینڈ” رکھ رہے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 468 بچوں کے نام ناروے کے اس اسٹار فٹبالر کے نام پر رکھے جا چکے ہیں۔
پیرو کی قومی رجسٹری کے ترجمان ایوان ٹوریس کے مطابق، زیادہ تر بچوں کی رجسٹریشن ورلڈ کپ کے آغاز کے بعد چند ہفتوں کے دوران ہوئی۔ ناروے کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے بعد ہالینڈ کے نام پر بچوں کے نام رکھنے کا رجحان مزید تیزی سے بڑھ گیا۔