نورا فتحی سکیش چندر شیکھر کیس میں عدالت میں پیش، وکلا نے جرح کی تیاری کرلی
بھارتی اداکارہ نے دہلی کی عدالت میں بطور گواہ بیان ریکارڈ کرایا، دفاعی وکلا نے قیمتی ہینڈ بیگ، موبائل فون اور بی ایم ڈبلیو گاڑی سے متعلق سوالات اٹھانے کا اعلان کردیا۔
نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی سکیش چندر شیکھر کے خلاف 200 کروڑ بھارتی روپے کے مبینہ بھتہ خوری کیس میں نئی دہلی کی راؤز ایونیو عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے استغاثہ کی گواہ کی حیثیت سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نورا فتحی نے عدالت کو بتایا کہ انہیں دسمبر 2020 میں چنئی میں منعقد ہونے والی ایک فلاحی تقریب میں فنکارہ کے طور پر شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں شرکت کے عوض انہیں کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا تھا۔
اداکارہ کے بیان کے بعد سکیش چندر شیکھر کے وکلا نے ان کے مؤقف پر سوالات اٹھائے ہیں۔ دفاعی وکلا کا کہنا ہے کہ تقریب سے منسلک قیمتی ہینڈ بیگ، موبائل فون اور بی ایم ڈبلیو گاڑی کے معاملے پر نورا فتحی سے جرح کی جائے گی۔
سکیش کے وکیل اننت ملک کے مطابق آئندہ سماعت پر متعلقہ دستاویزات اور شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 319 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی کارروائی کے دوران کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئیں تو عدالت قانون کے مطابق اس کے خلاف بھی کارروائی کرسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نورا فتحی کو اس مقدمے میں عدالت نے پہلے بھی طلب کیا تھا، تاہم ایک موقع پر انہوں نے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی۔ عدالت نے ان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کو سنجیدگی سے لینے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ نورا فتحی اس مقدمے میں فی الحال ملزمہ نہیں بلکہ استغاثہ کی گواہ ہیں۔ یہ کیس سکیش چندر شیکھر کے خلاف تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے کی مبینہ بھتہ خوری سے متعلق ہے۔ نورا فتحی کا نام تفتیش کے دوران چنئی میں منعقدہ فلاحی تقریب کے حوالے سے سامنے آیا تھا۔
اب آئندہ سماعت پر دفاعی وکلا کی جرح اور پیش کیے جانے والے شواہد اس مقدمے میں اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔



