اسلام آباد: حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومت کے برابر نمائندگی دینے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے پارلیمانی نشستوں کے تناسب سے نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو حکومتی مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔
محسن نقوی کی منصورہ میں حافظ نعیم سے ملاقات، اہم امور پر مشاورت
حکومتی مؤقف ہے کہ پارلیمانی کمیٹیوں میں حکومت اور اپوزیشن کو یکساں نمائندگی دینے کی کوئی سابقہ مثال موجود نہیں، اس لیے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں بھی نشستوں کے تناسب سے نمائندگی دی جائے گی۔
طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی کے 5 اور سینیٹ کے 2 ارکان کے نام جلد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ماضی میں قائم تمام پارلیمانی کمیٹیوں کا ریکارڈ دیکھا ہے اور حکومت کا طے کردہ فارمولا سابقہ پارلیمانی روایات کے مطابق ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل سے متعلق حکومتی فارمولے پر پی ٹی آئی کا اعتراض قابل قبول نہیں۔
دوسری جانب عامر ڈوگر نے طارق فضل چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی فیصلے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی اور اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔



