Gas Leakage Web ad 1

پنجاب میں کیمرے والے اسمارٹ چشموں اور خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع

محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت پابندی برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور پی ٹی اے سے منظور شدہ آلات پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

0

لاہور: پنجاب حکومت نے پرائیویسی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیمرے سے لیس اسمارٹ چشموں اور خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

محکمہ داخلہ پنجاب نے بدھ کے روز دفعہ 144 کے تحت پابندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت صوبے بھر میں کیمرے والے اسمارٹ چشموں اور خفیہ ریکارڈنگ آلات کے استعمال، فروخت اور تقسیم پر پابندی برقرار رہے گی۔ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ان آلات کی خرید و فروخت بھی پابندی کے دائرے میں شامل ہوگی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اس سے قبل 20 اکتوبر کو بھی ایسے آلات پر پابندی عائد کی تھی، جس میں اب مزید 30 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔

پابندی کا اطلاق ایسے اسمارٹ چشموں پر ہوگا جن میں کیمرے نصب ہیں، جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیا مثلاً قلم اور کی چین میں چھپائے گئے چھوٹے ریکارڈنگ آلات بھی اس پابندی میں شامل ہیں۔

تاہم موبائل فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظور شدہ آلات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں جاری کارروائی کے تناظر میں بھی اہمیت رکھتا ہے، جہاں کیمرے والے اسمارٹ چشموں کی درآمد، فروخت اور استعمال کے لیے ضابطہ کار بنانے سے متعلق حکام سے اقدامات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

18 نومبر کو ہونے والی سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ان آلات کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق تجاویز کی منظوری دے دی ہے۔ عدالت نے متعلقہ اقدامات پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 8 دسمبر مقرر کردی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز شہریوں کی نجی زندگی میں مداخلت کا سبب بن سکتی ہیں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی پرائیویسی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسے آلات حساس مقامات، جن میں ہوائی اڈے، عدالتیں، اسپتال، امتحانی مراکز اور سرکاری عمارتیں شامل ہیں، وہاں سیکیورٹی خطرات بھی پیدا کرسکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی مزید 30 روز تک نافذ العمل رہے گی، تاہم حکومت کی جانب سے اسے مقررہ مدت سے پہلے واپس بھی لیا جاسکتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.