اسلام آباد میں حرام گوشت کا مبینہ کاروبار بے نقاب، 800 کلو گوشت اور درجنوں جانور برآمد
ڈی 14 میں فوڈ اتھارٹی اور پولیس کا مشترکہ چھاپہ، مکان سے 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، پانچ کتے اور نایاب جنگلی جانور بھی برآمد کر لیے گئے۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں حرام گوشت کی تیاری اور ترسیل کا مبینہ نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان سے 800 کلو گرام گوشت اور درجنوں جانور برآمد کر لیے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

24 نیوز کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 14 میں تھانہ گولڑہ کی حدود میں واقع ایک مکان پر فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے مشترکہ چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران مکان سے مبینہ طور پر گدھوں اور کتوں کا گوشت برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا اور پانچ کتے بھی ملے، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 800 کلو گرام گوشت برآمد کیا گیا۔
مکان سے نایاب جنگلی جانور بھی برآمد
کارروائی کے دوران حکام کو مکان سے 21 کچھوے، ایک گیڈر اور ایک زندہ پینگولین بھی ملا۔ حکام کے مطابق وہاں گوشت کی تیاری، ترسیل اور فروخت سے متعلق کوئی ریکارڈ یا سرکاری اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، جبکہ زندہ جانوروں کو مزید دیکھ بھال اور قانونی کارروائی کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا۔
مکان سے غیر ملکی شہری کے سفری دستاویزات کا ریکارڈ بھی ملا
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مکان سے ایک غیر ملکی شہری کے پاسپورٹ اور ویزا ریفرنس کا ریکارڈ بھی ملا ہے، جس کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔
چھاپے کے وقت مکان میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، جس کے باعث ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے عمارت کو سیل کر دیا ہے۔
نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج
فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ نیٹ ورک میں ملوث افراد کی تلاش کی جا رہی ہے



