کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام نہ تو غیر آئینی ہے اور نہ ہی غیر قانونی، کراچی کو جب اختیارات ملیں گے تو یہ شہر پورے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے ریجنل آفس سندھ کا افتتاح کردیا۔
چاغی میں 8 مقامات پر تانبے اور سونے کے معدنی ذخائر کے شواہد دریافت
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد گزشتہ 17 سال کے دوران صوبوں نے اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے اور چھوٹے صوبوں کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے، جس سے پورے پاکستان کو ترقی کے مواقع ملیں گے۔ کراچی کو جب اختیارات دیے جائیں گے تو یہ شہر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گا اور پاکستان کو معاشی بحران کے دلدل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آبادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ 2030 میں پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔ اتنی بڑی آبادی کو حکومت ملازمتیں فراہم نہیں کرسکتی، اسی لیے دنیا بھر میں حکومتیں شہریوں کو ہنر مند بناتی ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معیشت میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 32 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر بھیجتے ہیں اور اگر یہ رقم آنا بند ہوجائے تو ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دور میں انہوں نے جتنا کام کیا ہے، وہ گزشتہ 50 سال کے دوران ہونے والے کام سے زیادہ ہے، تاہم اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی کمی ہے، جبکہ بیرون ملک ہنر مند نرسز کو انتہائی اچھی تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بعض لوگوں نے نرسنگ کالجز کو کاروبار بنا رکھا تھا، تاہم حکومت نے اس سلسلے کو روکا اور متعلقہ قانون میں تبدیلی کی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سروسز سے وابستہ لاکھوں افراد کو اپنے کام کے سلسلے میں اسلام آباد جانا پڑتا تھا، تاہم اب سندھ میں قائم ہونے والا یہ ریجنل آفس صوبے کا مرکزی دفتر ہوگا، جہاں تمام متعلقہ اداروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔



