Gas Leakage Web ad 1

خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ، اہم قانونی اصول وضع

وراثت میں ملنے والا حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوگا، تاہم اپنے حق سے محرومی کا علم ہونے کے بعد 6 سال کے اندر قانونی چارہ جوئی کرنا ہوگی، سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ کا متفقہ فیصلہ۔

0

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے خواتین سمیت تمام قانونی ورثا کے وراثتی حقوق کے تحفظ سے متعلق ایک اہم اور تاریخی فیصلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وراثت میں ملنے والا حق محض وقت گزرنے، خاموشی یا عدم دلچسپی کی بنیاد پر ختم نہیں ہوسکتا۔

Gas Leakage Web ad 2

تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے 88 صفحات پر مشتمل متفقہ فیصلہ جاری کیا، جس میں وراثتی جائیداد کے مقدمات میں مدتِ معیاد کے تعین سے متعلق اہم قانونی اصول وضع کیے گئے ہیں۔

عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ والد یا والدہ کی وفات کے بعد وراثتی حصہ فوری طور پر قانونی وارث کی ملکیت بن جاتا ہے۔ کسی بھی وارث کو اس کے شرعی اور قانونی حصے سے محروم نہیں کیا جاسکتا، خواہ جائیداد کی تقسیم میں کئی سال گزر چکے ہوں۔

سپریم کورٹ کے مطابق وراثتی حق سے محرومی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے 6 سال کی مدت اس وقت سے شروع ہوگی جب متعلقہ وارث کو اپنے حق سے انکار کیے جانے کا علم ہو جائے گا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صرف وراثتی انتقال میں کسی وارث کا نام درج نہ ہونا یا ریکارڈ میں غلط اندراج ہونا قانونی مدت کے آغاز کے لیے کافی نہیں ہوگا۔ اسی طرح کسی ایک وارث کا جائیداد پر قبضہ دیگر قانونی ورثا کے حقوق ختم نہیں کرسکتا۔

عدالت نے واضح کیا کہ کسی وارث کو وراثت سے محروم کرنے کے لیے اس کی آزادانہ رضامندی اور قانونی طریقہ کار کے تحت دستبرداری ضروری ہے۔ محض زبانی دعوے یا جعل سازی کی بنیاد پر کسی شخص کو اس کے وراثتی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔

سپریم کورٹ کے مطابق اگر کوئی وارث اپنے حق سے محرومی کا علم ہونے سے پہلے وفات پا جائے تو اس کے قانونی ورثا بھی متعلقہ شرائط کے تحت اپنا دعویٰ دائر کرسکتے ہیں۔

وراثتی جائیداد کی تقسیم کے لیے قانون سازی کی سفارش

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں وراثتی جائیداد کی بروقت اور درست تقسیم یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی سفارش بھی کی ہے۔ عدالت نے تجویز دی کہ وراثتی جائیداد کی تقسیم کو یقینی بنانا متعلقہ ورثا اور حکام کی قانونی ذمہ داری قرار دیا جائے۔

فیصلے میں خواتین کے وراثتی حقوق کے ساتھ نیک نیتی سے جائیداد خریدنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ پہلے سے حتمی قرار دیے گئے عدالتی فیصلے دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے، جبکہ سپریم کورٹ کی جانب سے وضع کردہ نئے قانونی اصول زیرِ التوا اور مستقبل میں دائر ہونے والے مقدمات پر لاگو ہوں گے۔

سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ خواتین سمیت تمام قانونی ورثا کے جائیداد میں حقوق کے تحفظ اور وراثتی تنازعات کے حل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.