Gas Leakage Web ad 1

مولانا فضل الرحمان کی سالانہ تنخواہ میں بڑا اضافہ، آمدن اور اثاثوں سے متعلق اہم سوالات اٹھ گئے

دستاویزات کے مطابق 2024 میں سالانہ تنخواہ 7 لاکھ 58 ہزار روپے سے بڑھ کر 91 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگئی، بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ سے زائد رقم موجود ہونے کا انکشاف۔

0

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی آمدن، تنخواہ اور اثاثوں سے متعلق دستاویزات سامنے آنے کے بعد کئی اہم سوالات اٹھ گئے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

تفصیلات کے مطابق دستیاب معلومات میں 2021 سے 2023 کے دوران مولانا فضل الرحمان کی آمدن اور اخراجات میں مبینہ فرق کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سوال اٹھایا گیا ہے کہ قابلِ ٹیکس آمدن ظاہر نہ ہونے کے باوجود ان کے اخراجات کے لیے رقم کہاں سے فراہم ہوئی اور آمدن کے اصل ذرائع کیا ہیں؟

دستاویزات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں بھی مبینہ تضاد سامنے آیا ہے۔ ان کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم 8 ہزار 456 روپے سے بڑھ کر ایک کروڑ 16 لاکھ 56 ہزار 115 روپے تک پہنچنے سے متعلق سوالات کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2024 میں ان کی سالانہ تنخواہ 7 لاکھ 58 ہزار 65 روپے سے بڑھ کر 91 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگئی۔ اس طرح ایک سال کے دوران تنخواہ میں تقریباً 83 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم اس حوالے سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ مذکورہ تنخواہ کس ادارے کی جانب سے ادا کی جاتی ہے اور اس ادارے میں مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داریاں کیا ہیں؟

دوسری جانب اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں واقع ایک قیمتی مکان کی ملکیت اور رہائش سے متعلق بھی سوالات سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نہ تو اس مکان کے مالک ہیں اور نہ ہی کرایہ دار، جس کے بعد یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ اس رہائش گاہ سے ان کا تعلق کیا ہے۔

مزید یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ اگر وہ امان اللہ نامی شخص کے کرایہ دار ہیں تو اس حوالے سے کرایہ نامہ، کرائے کی ادائیگی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں تفصیلات کیوں موجود نہیں ہیں؟

ان دستاویزات اور سوالات کے حوالے سے متعلقہ فریقین کا مؤقف سامنے آنا بھی اہم ہوگا تاکہ آمدن، اثاثوں اور رہائش سے متعلق تمام معاملات کی وضاحت ہوسکے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.