Gas Leakage Web ad 1

عمران خان، بشریٰ بی بی کی وکلا سے ایک گھنٹے تک ملاقات کروانے کا حکم

0

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ان کے وکلا کی کل ایک گھنٹے تک ملاقات کرائی جائے۔

Gas Leakage Web ad 2

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے یہ حکم 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے (القادر ٹرسٹ کیس) میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران جاری کیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کی اجازت قانون کے مطابق دی جا رہی ہے، تاہم ایسا نہ ہو کہ آپ دوبارہ عدالت میں درخواست لے کر آجائیں کہ مزید پانچ افراد کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جانے والوں میں شامل کیا جائے۔
شاہ محمود قریشی طبی معائنے کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل
بینچ کے سربراہ نے سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ چند روز قبل بھی ان کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی تھی، تو اب وہ دوبارہ ملاقات کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ اس پر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ اگرچہ ان کی ملاقات ہوئی تھی، تاہم وقت ناکافی ہونے کے باعث اپنے موکل سے دوبارہ ملاقات کرنا ضروری ہے۔

عدالت نے پہلے سردار لطیف کھوسہ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت دی، جس کے بعد سلمان صفدر کو بھی اپنے موکل سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ یہ ملاقات اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے کے لیے ہوگی۔

اس سے قبل اپیلوں کی سماعت کے دوران سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کے دوران انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ تقریباً چھ ماہ قبل حکام انہیں سرجری کے لیے لے گئے تھے اور اب 15 نومبر کو دوبارہ ان کا آپریشن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں بھی جیل حکام نے تسلیم کیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو آنکھوں کا مسئلہ درپیش ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے تاحال صحت کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر نہیں کی، تاہم عدالتیں خواتین کے معاملات کو ہمیشہ نرمی سے دیکھتی آئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں مناسب علاج ممکن نہیں، جب ان کا علاج مکمل ہو جائے گا تو وہ ان اپیلوں پر دلائل بھی شروع کر دیں گے۔

اس موقع پر اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں علاج جاری ہے، علاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بشریٰ بی بی کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج کی تاریخوں سے متعلق تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرا دیں۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل حکام سے علاج کی فراہم کردہ سہولیات کی تفصیلات طلب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کی سرجری کے بعد اسی روز انہیں دوبارہ سیل میں بند کر دیا جاتا ہے، حالانکہ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی میں ان کی سرجری کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے فوری بعد انہیں دوبارہ جیل میں بند کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔

سلمان صفدر نے مزید کہا کہ اگر بشریٰ بی بی کی طبیعت بہتر ہو جاتی ہے تو وہ اپیلوں پر اپنے دلائل کا آغاز کر دیں گے۔

اس پر ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ 8 نومبر کو بھی بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرنے کے لیے جیل گیا تھا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.