اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے اور یہ معاہدہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔

مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق عالمی سطح پر تفریق کو جنم دیتا ہے، جبکہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سکیورٹی کا بنیادی ڈھانچہ اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔
واپڈا دیامر اسپورٹس گالا 2026ء: کرکٹ میں داریل اور والی بال میں تانگیر کلب فاتح قرار
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور یہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس بات کے لیے مؤثر اقدامات کی حمایت کرتا ہے کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں پاکستان دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات بھی پاکستان کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع برقرار رکھنے کا بھی خواہاں ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط اداروں، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول کا ہونا ضروری ہے، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔



