اسلام آباد: پاکستان نے ٹیکسوں کا دائرہ وسیع کرنے، سرکاری اخراجات میں کمی لانے اور انہیں آئینی اختیارات کی تقسیم سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عالمی بینک کے 1.7 ارب ڈالر کے کثیرالمراحل قرض پیکیج سے مکمل استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم پہلے مرحلے میں قرض کے استعمال اور اصلاحات پر عمل درآمد کی رفتار سست رہنے کے باوجود حکومت نے پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی بینک کی دستاویزات کے مطابق ’پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈیولپمنٹ‘ کے نام سے شروع کیے گئے اس پروگرام سے وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتیں مستفید ہوں گی۔
ملٹی فیز پروگرام میٹک اپروچ کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.7 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 700 ملین ڈالر کی منظوری گزشتہ سال دی جاچکی ہے۔
’کیا واقعی کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یہ الیکشن شفاف تھے‘، ٹرمپ نے مڈٹرم انتخابات پر سوال اٹھا دیے
پروگرام کے پہلے مرحلے کے لیے منظور کیے گئے 700 ملین ڈالر میں وفاقی حکومت کے لیے 600 ملین ڈالر جبکہ سندھ حکومت کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے دسمبر 2025 میں 600 ملین ڈالر کا قرض حاصل کیا تھا، جبکہ عالمی بینک نے قرض کے نفاذ سے متعلق اپنی مسلسل دو رپورٹس میں پروگرام کی پیش رفت کو ’درمیانے درجے کا تسلی بخش‘ قرار دیا ہے۔ عالمی بینک کی اپریل 2026 کی رپورٹ کے مطابق قرض کی منظوری 19 دسمبر 2025 کو دی گئی تھی، تاہم اس وقت تک پروگرام پر عمل درآمد شروع نہیں ہوا تھا۔
بعد ازاں گزشتہ ماہ جاری ہونے والی دوسری رپورٹ میں بھی پروگرام کی پیش رفت کی یہی درجہ بندی برقرار رکھی گئی، تاہم اس میں عمل درآمد کی رفتار میں بہتری کا ذکر کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق قرض 14 مئی 2026 کو مؤثر ہوا، جبکہ 29 جون 2026 کو 164.5 ملین ڈالر کی پیشگی رقم جاری کی گئی۔ پروگرام کے اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا حکومت کے لیے 200 ملین ڈالر کا قرض منظور کیا جا رہا ہے، جبکہ تیسرے اور چوتھے مرحلے میں بلوچستان اور پنجاب حکومتوں کو بھی قرض فراہم کیا جائے گا۔
عالمی بینک کے مطابق اس قرض پیکیج کے تین بنیادی مقاصد ہیں، جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، سرکاری اخراجات کی ترجیحات اور کارکردگی کو بہتر بنانا اور مالیاتی و عوامی خدمات سے متعلق اعدادوشمار کے نظام کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔
قرض کی اہم شرائط میں زرعی آمدن پر مؤثر ٹیکس عائد کرنا، جائیدادوں سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانا، زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنا اور جائیدادوں کی یکساں بنیادوں پر قیمتوں کا تعین کرنا شامل ہے۔



