وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام یا نہ ہونے سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمنٹ میں کیا جانا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر قانون سازی ابھی کرلی جائے اور اس پر عمل درآمد اگلے انتخابات کے بعد ہو تو کیا یہ قابل عمل فیصلہ ہوگا؟ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جہاں ریفرنڈم کرانے یا نہ کرانے سے متعلق فیصلہ ہوگا اور اسی فورم پر یہ بھی طے کیا جائے گا کہ ریفرنڈم میں سوال کیا ہونا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر ہم سب ڈیڑھ ماہ تک مولانا فضل الرحمان کے دروازے پر بیٹھے رہے۔ تین تین جماعتوں کے وفود مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے موجود ہوتے تھے۔ 26ویں آئینی ترمیم کی ایک ایک شق پر تفصیلی بحث ہوئی، جس کے بعد اتفاق رائے پیدا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کا قیام دراصل 26ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا۔ ہم ترمیم کو پارلیمنٹ میں لانے سے پہلے مطلوبہ تعداد پوری کرنے کے حق میں ہیں، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت نے ابھی کوئی تیاری نہیں کی اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی سے مشاورت کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل کیے گئے، تاہم صوبوں نے یہ اختیارات مزید نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔ اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا ہے، جسے صوبوں کے ذریعے، چھوٹے انتظامی یونٹس یا بلدیاتی نظام کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کی طرز پر صوبائی مالیاتی کمیشن (پی ایف سی) قائم کیا جائے اور فنڈز یونین کونسلز کو منتقل کیے جائیں تو اختیارات بھی نچلی سطح تک پہنچ جائیں گے۔ ان کا سوال تھا کہ آئینی تحفظ فراہم کیے بغیر بلدیاتی ادارے کس طرح مضبوط ہوسکتے ہیں؟
ایران سے جنگ میں نااہلی کا الزام، پیٹ ہیگستھ کیخلاف مواخذے کی قرارداد ایوان نمائندگان میں پیش
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو درپیش اصل مسئلہ دہشت گردی ہے، نہ کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر کھڑا جنریٹر۔ ہمیں ملک کو درپیش حقیقی مسائل پر توجہ دینی چاہیے اور ان کے حل کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کی ہم سے مختلف رائے ہے تو ان کے ساتھ مکالمہ کیا جاسکتا ہے۔ اگر لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی تھیں تو مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی جاسکتی تھی کہ وہ کیبن اور جنریٹر ہٹادیں۔ ہم کئی مرتبہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر جاچکے ہیں، وزیراعظم اور محسن نقوی بھی وہاں جاتے رہے ہیں، لیکن ہمیں گھر کے باہر موجود سکیورٹی کیبن یا جنریٹر سے کبھی کوئی رکاوٹ محسوس نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ جاکر جائزہ لیں گے کہ آیا وہ کیبن اور جنریٹر واقعی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم یا کسی دوسرے رکن نے مولانا فضل الرحمان کو جاری کیے گئے نوٹسز کا معاملہ نہیں اٹھایا۔ میں نے اجلاس میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ ضروری نہیں کہ ہم مولانا کی رائے سے اتفاق کریں، تاہم اختلاف بھی احترام کے دائرے میں رہ کر کرنا چاہیے۔ رانا ثنا اللہ نے مولانا فضل الرحمان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جس انداز میں چیلنج کرتے ہیں اور تلخ کلامی پر اتر آتے ہیں، وہ بھی مناسب طرز عمل نہیں۔ اس معاملے میں وزیراعظم کی سطح پر مداخلت کی ضرورت ہے تاکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے کا احترام برقرار رکھا جاسکے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ملاقاتوں کے غلط استعمال کا سلسلہ روک دیں تو ملاقاتیں دوبارہ شروع ہوسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بھی یہ مسئلہ سامنے آیا اور ان کے حوالے سے کہا گیا کہ بلڈ پریشر بڑھ گیا تھا، تاہم یہ بات درست نہیں کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر بڑھنے کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جارہی اور ڈاکٹرز جو بھی تجویز کریں گے، اس پر فوری عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے کے معاملے میں پہلے بھی کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہیں کی گئی۔



